توشہ خانہ کے بعد اب ہیلی کاپٹر سکینڈل سامنا آیا ہے۔ شیری رحمان
وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ آہستہ آہستہ تحریک انصاف کا صاف چلی شفاف چلی بیانیہ بھی بے نقاب ہو رہا ہے۔ انہوں نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ ایک دن امریکی وفد نے عمران خان سے ملاقات کی اور دوسرے دن سابق وزیر نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ سے خراب تعلقات کی وجہ سے حکومت سے باہر ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان دو واقعات نے جھوٹ پر مبنی بیرونی سازش کے بیانیہ کو دفن کر دیا ہے، کیا عمران خان اب امریکی انتظامیہ کو غلطی درست کرنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں؟۔انہوں نے کہا کہ آہستہ آہستہ تحریک انصاف کا صاف چلی شفاف چلی بیانیہ بھی بے نقاب ہو رہا ہے، توشہ خانہ کے بعد اب ہیلی کاپٹر سکینڈل سامنا آیا ہے، کفایت شعاری کا نعرہ لگا کر قومی خزانے کو بے دردی سے لوٹا گیا۔انہوں نے کہا کہ بنی گالا سے ایوان وزیراعظم کے ہوائی سفر پر عمران خان نے عوام کے 98 کروڑ روپے خرچ کئے، اقتدار کے نشے میں یہ لوگ کہتے تھے ہیلی کاپٹر کا خرچ 50 سے 55 روپے فی کلومیٹر ہے اور دوسری طرف عمران خان کا یومیہ ہیلی کاپٹر کا خرچہ 8 لاکھ روپے سے زائد تھا۔انہوں نے کہا کہ حکومت سے پہلے سادگی اور کفایت شعاری کی تبلیغ کرنے والا شخص بنی گالا اور وزیراعظم ہائوس ہیلی کاپٹر پر آتا جاتا رہا اور کنٹینر پر کھڑے ہو کر عمران خان مغربی ممالک کے رہنمائوں کی سائیکل پر آفس جانے کی مثالیں دیتے تھے۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ عمران خان کے ووٹر پونے 3 سال انتظار کرتے رہے کہ ان کا لیڈر بھی سائیکل پر بنی گالا سے وزیراعظم ہائوس جائے گا، عوام کے ٹیکس کے پیسوں ہیلی کاپٹر کے سفر میں اڑایا گیا۔