لاہور ہائیکورٹ نے حمزہ شہباز کی حلف برداری کیلیے صدر کو نمائندہ مقرر کرنے کی ہدایت کردی
لاہور: عدالت نے صدر پاکستان عارف علوی کو حمزہ شہباز کی حلف برداری کے لیے نمائندہ مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔ لاہور ہائی کورٹ میں نومنتحب وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز سے حلف نہ لینے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب عدالت میں پیش ہوئے اور مؤقف پیش کیا کہ کل میں نے گورنر پنجاب کے ساتھ میٹینگ کی، دو، تین وجوہات میں عدالت کے سامنے رکھنا چاہتا ہوں، گورنر کے ساتھ اسپیکر اسمبلی حلف لینے کا پابند ہوتا ہے، حمزہ شہباز کی درخواست میں اسپیکر کو فریق نہیں بنایا گیا، گورنر کوئی ربڑ اسٹیمپ نہیں۔چیف جسٹس امیر بھٹی نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب سے استفسار کیا کہ گورنر پنجاب کی جانب سے حلف نہ لینے کا کوئی جواز نہیں ہے، صدرِ پاکستان نے کہا کہ میں وزیر اعظم سے حلف نہیں لے سکتا میں بیمار ہوں۔ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے عدالت کو مؤقف پیش کیا کہ گورنر پنجاب سمجھتے ہیں کہ وزیر اعلیٰ کا انتخاب قانون اور آئین کے مطابق نہیں ہوا، ایک خاتون ایم پی اے تشدد کی وجہ سے زندگی اور موت کی کشمکش میں ہے۔