سامنے آگیا مراسلہ درست تھا، جوڈیشل کمیشن تحقیقات کرے، سازش ہوئی یا مداخلت ؟: شاہ محمود قریشی

اسلام آباد: سابق وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آج ثابت ہوگیا کہ پاکستان میں سیاسی مداخلت ہوئی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چاہتے ہیں عدالت جوڈیشل کمیشن بنائے اور تحقیقات کرے۔
انہوں نے کہا کہ اگر جوڈیشل کمیشن بن جاتا ہے تو بہت سے سوالوں کا جواب سامنے آجائے گا، اسد قیصر چیف جسٹس آف پاکستان کو مراسلہ بھیج چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سے پوچھتے ہیں کہ اجلاس کی کیا ضرورت پڑی؟ قومی سلامتی کمیٹی کے اعلامیے میں کوئی نئی بات نہیں، نیشنل سیکیورٹی کمیٹی اجلاس میں ای سی ایل پر بات کی جا رہی ہے، قومی سلامتی کمیٹی میں عمران خان کی سیکیورٹی پر بات کی جا رہی ہے، اجلاس میں کہا گیا کہ عمران خان کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کردی گئی ہے۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بلاول اور دیگر رہنما کہہ رہے تھے کہ مراسلہ جھوٹا ہے، سب کے سامنے آ گیا کہ مراسلہ درست تھا، کہا گیا کہ پاکستان کے سیاسی معاملات میں مداخلت کی گئی، پی ٹی آئی کی خواہش ہے کہ معاملے پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے اور جوڈیشل کمیشن تحقیقات کرے کہ سازش ہوئی یا مداخلت ؟