لاہور: گلوکار قمر سلیم نے اپنا نیا گانا ’’لمحہ‘‘ ریلیز کر دیا ہے، جو کہ ایک منفرد پاک-بھارت موسیقی تعاون کی مثال ہے۔ اس گانے میں بھارتی گلوکارہ سمدھا کرماہے نے اپنی آواز کا جادو دکھایا ہے۔ قمر سلیم ایک کامیاب پیشہ ورانہ زندگی گزارنے کے بعد موسیقی کو بطور شوق جاری رکھے ہوئے ہیں۔ وہ سنگاپور میں مختلف بین الاقوامی اداروں کے ساتھ منسلک رہ چکے ہیں، اور اب تک چھے گانے ریلیز کر چکے ہیں۔ نئے گانے ’’لمحہ‘‘ کی ویڈیو لاہور کے اندرون شہر (Walled City) میں فلمائی گئی ہے، جو اپنے تاریخی ورثے کی وجہ سے خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔ ویڈیو میں دو نئے چہروں فاحہ شوال اور اسامہ بٹ کو متعارف کرایا گیا ہے، جنہیں قمر سلیم نے موقع دے کر نئے ٹیلنٹ کو اُجاگر کیا ہے۔ بھارتی گلوکارہ سمدھا کرماہے اس سے قبل کئی مشہور فلمی گانوں میں اپنی آواز دے چکی ہیں، جن میں ’’نظم نظم‘‘ (بریلی کی برفی) اور ’’نامو نامو‘‘ (کیدارناتھ) شامل ہیں۔ اس گانے کی ریلیز قمر سلیم کے دو سالہ وقفے کے بعد عمل میں آئی ہے۔ ان کا پچھلا گانا ’’درمیان‘‘ ادبی اور فنکارانہ انداز کے باعث خوب سراہا گیا تھا۔ ’’لمحہ‘‘ کے ذریعے قمر سلیم نے ایک بار پھر سرحدوں سے بالاتر ہو کر فن کو یکجہتی اور مکالمے کا ذریعہ بنایا ہے۔
قمر سلیم کا نیا گانا ’’لمحہ‘‘ ریلیز — پاکستان اور بھارت کے فنکاروں کا باہمی اشتراک
Apr 22, 2025 | 20:55