دریائے راوی اور چناپ کے ندی نالوں میں سیلاب کی پیش گوئی کے بعد مقامی آبادی کو محتاط رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی۔
ارسا کے مطابق آئندہ اڑتالیس گھنٹوں میں دریائے راوی اور چناب میں مختلف مقامات پر اونچے درجے کے سیلابی ریلے کا اندیشہ ہے جس کے بعد مقامی آبادی کو محتاط رہنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔ اس کے علاوہ منگلا، بلوکی، مرالہ، خانکی کے مقام پر درمیانی اور نچلے درجے کے سیلاب کا امکان ہے جبکہ تربیلا، نوشہرہ اور قادرآباد کے مقام پر نچلے درجے کے سیلاب کا امکان ہے، لاہور میں شاہدرہ کے مقام پر نچلے درجے کے سیلاب کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ جبکہ ارسا کے مطابق دریائے چناب میں ایک لاکھ پچیس ہزار کیوسک پانی کا ریلا گزرا ہے اور آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ڈیڑھ لاکھ کیوسک پانی کا ریلا گزرنے کا امکان ہے۔ ارسا کے مطابق دریاوں میں پانی کے بھاو میں اضافے کے باعث چشمہ جہلم لنک کنال آبپاشی کے لئے بند کر دی گئی ہے۔