عید الا ضحیٰ پرقوم کومبارکباد پیش کرتا ہوں،وزیراعظم عمران خان
وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ عیدالاضحیٰ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی اطاعت خداوندی اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی تسلیم و رضا کی یاد گار ہے۔
قربانی کا جذبہ عالمگیر حیثیت کا حامل ہے۔ دُنیا میں کوئی بھی قوم اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتی ہے جب تک اس میں ایثار اور قربانی کا جذبہ موجزن نہ ہو۔ قربانی صرف جانور کے ذبح کرنے کا نام نہیں ہے بلکہ اس کا مقصد انسان کا اپنے آپ کو مکمل طور پر اپنے رب کریم کے حکم کے تابع کرنا اوراپنی خواہشات و مفادات کو اعلیٰ مقاصد کے حصول کے لئے قربان کرنا ہے۔ یہ جذبہ انسان میں ایسی صلاحیت کو اُجاگر کرتا ہے جو اُسے صبر آزما لمحات اور مشکل ترین حالات میں ثابت قدم رکھتا ہے اور راہ راست سے بھٹکنے نہیں دیتا۔
سنت ابراہیمی کی پیروی کا تقاضا ہے کہ ہم زندگی کے ہر شعبے میں ایثار و قربانی کا مظاہرہ کریں۔ ہمیں اپنے تمام تر مفادات، ترجیحات اور تعصبات کو پس پشت رکھتے ہوئے ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی اور فلاح و بہبود کے لئے کام کرنا چاہیے۔ عید الاضحیٰ کی خوشیوں میں ہمیں اپنے بہن بھائیوں کا بھی خاص خیال رکھنا چاہیے، جو حالات کے جبر کا شکار ہو کر معاشی طور پر پیچھے رہ گئے ہوں۔ عید کی خوشیاں مناتے ہوئے ہمیں اپنے اردگرد بھی نظر رکھنی ہے تاکہ ہمارا کوئی ہمسایہ اس خوشی سے محروم نہ رہ جائے۔