مقبوضہ وادی میں طرح طرح کے کیمیائی ہتھیار استعمال کیے جا رہے ہیں، مشال ملک
کشمیری رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک نے کہا کہ مقبوضہ جموں کشمیرمیں کرفیو کو 18 دن ہوگئے ہیں، لوگوں کوخوراک اوردوائیں نہیں مل رہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں چھوٹے بچوں کو بھی اغوا کیا جا رہا ہے، کرفیو دنوں کا نہیں لگتا یہ سال تک کا بھی ہوسکتا ہے، مودی سرکارغلط سمجھتی ہے کہ وہ اس سے بچ جائے گی۔ مشال ملک نے کہا کہ بھارتی سرکار نے تو کشمیریوں کو کچھ سمجھا ہی نہیں ہے، مقبوضہ وادی میں طرح طرح کے کیمیائی ہتھیار استعمال کیے جا رہے ہیں۔ حریت رہنما کی اہلیہ نے کہا کہ امریکا کی مسئلہ کشمیرپر ذمے داری بنتی ہے، سلامتی کونسل میں شامل ممالک مسئلے کے حل کے ذمے دارہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگرکوئی بھی تنازعہ ہوا تو پوری دنیا لپیٹ میں آئے گی، اگرمسئلے کوحل نہیں کیا گیا تو بات جوہری جنگ کی طرف بھی جاسکتی ہے۔