نواز شریف کی لندن روانگی سے پی ٹی آئی کے بیانیے کو شدید دھچکہ لگا: فواد چودھری
وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی لندن روانگی نے تحریک انصاف کے بیانیے اوراحتساب کےعمل کو دھچکا د یا ہے ۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہاکہ تحریک انصاف کے بیانیے اوراحتساب کےعمل کو نواز شریف کی لندن روانگی نے دھچکہ دیا ، نواز شریف کی واپسی کیلئے برطانوی حکومت سے رابطہ اور میڈیکل رپورٹس کی انکوائری کے فیصلے درست ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جعلی رپورٹس کی تیاری میں جن لوگوں کا کردار ہے ان کو نشان عبرت بنانا چاہئے۔ واضح رہے کہ حکومت نے سابق وزیراعظم نوازشریف کو واپس لانے کے لئے برطانوی حکومت سے بات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 16 نومبر کو لاہور ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو علاج کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دیتے ہوئے انہیں اور شہباز شریف کو 4 ہفتوں میں وطن واپسی کے لیے حلف نامے جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔اس سے قبل وفاقی کابینہ نے نواز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت 7 ارب روپے کے انڈیمنٹی بانڈ جمع کروانے کے ساتھ مشروط کی تھی جسے پاکستان مسلم لیگ (ن) نے مسترد کرتے ہوئے عدالت سے رجوع کیا تھا۔