پیچیدہ ہونے کے باوجود پاکستان کے ساتھ تعلقات برقرار رکھنا ناگزیر ہے، نیٹو حملے کی تحقیقاتی رپورٹ تئیس دسمبر تک مکمل ہوجائے گی۔ امریکی محکمہ دفاع

پینٹا گون کے ترجمان جان کربی اور جارج لٹل نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات مشکلات کا شکار ضرور ہیں لیکن یہ تعلقات انتہائی ضروری بھی ہیں، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا کے مشترکہ مفادات کوایک جیسے خطرات لاحق ہیں۔ ۔پاکستان سے تعلقات کی بہتری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کےساتھ مستحکم تعلقات کی بحالی اگرچہ مشکل ہے لیکن سخت محنت کے ذریعے اسے ممکن بنایا جا سکتا ہے۔ترجمان امریکی محکمہ دفاع نے کہا کہ حالیہ واقعات سے اشارہ ملا ہے کہ نیٹو سپلائی روٹس جلد بحال ہوجائیں گے ،ترجمان کا کہنا تھا کہ سپلائی کیلئے شمالی روٹس کا آپشن بھی موجود ہے لیکن یہ مہنگے اور کافی طویل ہیں۔