قومی اسمبلی میں چوہدری نثارکا صحافیوں کو دھمکیاں ملنے پر ایوان سے کمیٹی بنانے کا مطالبہ، صحافیوں نے دھمکیوں کے خلاف قومی اسمبلی کی کارروائی کا بائیکاٹ کیا۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں نکتہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ سینئر صحافی کو دی گئی دھمکیاں افسوسناک ہیں۔ میڈیا پارلیمنٹ کا اہم حصہ ہےاور آج پورا ایوان آزاد میڈیا کے ساتھ کھڑا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایوان کے اندر اور باہر ایجنسیوں کے حوالے سے دیئے گئے بیانات کے بعد انہیں بھی دھمکیاں ملنا شروع ہو گئی ہیں ۔ مسلم لیگ نون کے رہنما مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ پوری دنیا میں پاکستانی میڈیا کو دھمکیاں ملنے پر بدنامی کا سامنا ہے۔ اس دوران صحافیوں نے اجلاس کی کارروائی کا بائیکاٹ بھی کیا تاہم وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے میڈیا گیلری میں آکر صحافیوں کو فوری کارروائی کی یقین دہانی کروائی۔ ادھر وفاقی وزیر خورشید شاہ نے بھی چوہدری نثار کے کمیٹی بنانے کے مطالبے پر اتفاق کرتے ہوئے تجویز پیش کی کہ کمیٹی کا چیئرمین اپوزیشن سے ہو۔ سپیکر نے خورشید شاہ کی تحریک منظور کرلی۔ کمیٹی اپنے قیام کے بعد پندرہ روز میں رپورٹ پیش کرے گی۔