حکمران عوام کے پیسوں سے اپنی جیبیں بھر رہے ہیں ۔ وقتی طور پر اقتدار میں آنے والوں کے جانے کا وقت بھی آگیا ہے۔ میاں نواز شریف

چشتیاں میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ انہوں نے جلاوطنی اور قید کاٹی ہے اورملک اور قوم سے وفاداری کا عزم لے کر واپس آئے ہیں۔ پچھلے الیکشن میں کامیابی نہیں ہوئی تو کوئی بات نہیں آئندہ الیکشن جیت کرعوام کی خدمت کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کی حالت دیکھ کردل خون کے آنسو روتا ہے۔ پاکستان کوموجودہ حکومت نے جو نقصان پہنچایا ہے وہ ناقابل برداشت ہے۔ لوگ بجلی اورگیس کو روتے ہیں۔ لوگوں کی فیکٹریاں اور گھروں کے چولہے نہیں جلتے جبکہ مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام کی کمر توڑ دی ہے اور انہیں دو وقت کی روٹی بھی میسر نہیں۔ نوازشریف نے کہا کہ وقتی طور پراقتدار میں آنے والوں کے جانے کا وقت آگیا ہے، جلد خوشحالی آئے گی اور ملک سے غربت اور بے روزگاری کا خاتمہ ہوگا۔ عوام کا جذبہ سلامت رہا تو ملک سلامت رہے گا اور پاکستان پر کوئی آنچ نہیں آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف صرف پاکستان کے عوام کی آواز سنتا ہے۔ بھارت کے پانچ ایٹمی دھماکوں کے جواب میں چھ دھماکےکرکے منہ توڑ جواب دیا تھا۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ پہلے بھی تبدیلی لائے تھےاور آئندہ بھی لائیں گے۔ ہنر مند نوجوان تیار ہوجائیں، انہیں آسان شرائط پر قرضے دیں گے تاکہ وہ کارخانے لگا کرروزگار حاصل کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کا سارا پیسہ حکومتی وزیر اپنی جیبوں میں ڈال رہے ہیں، جب سپریم کورٹ بلاتی ہے تو یہ لوگ ٹس سے مس نہیں ہوتے، حکمرانوں کو شرم آتی ہے اور نہ یہ استعفے دیتے ہیں۔ مسلم لیگ نون نہ صرف حکومتی زیادتیوں کا ازالہ کرے گی بلکہ موجودہ حکمرانوں کا محاسبہ بھی کیا جائے گا۔