سلالہ چیک پوسٹ، حملہ امریکی اور پاکستانی فوجیوں کی مشترکہ غلطی کا نتیجہ ہے، تحقیقاتی ٹیم نے حملے کو جائز قراردےدیا ۔ امریکی اخبار

امریکی اخبارنیویارک ٹائمز کے مطابق امریکی ملٹری کی تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف کیاگیا ہے کہ چھبیس نومبرکو سلالہ چیک پوسٹ پر نیٹو حملے کی ذمہ داری امریکہ اور پاکستانی فوجیوں کی مشترکہ غلطی تھی۔اخبار لکھتا ہے کہ تحقیقاتی رپورٹ سے پاکستان اور امریکہ کے تعلقات مزید کشیدگی اختیارکرسکتے ہیں۔ اخبار کے مطابق تحقیقاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے امریکی اور مغربی اہلکاروں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ پاکستانی چیک پوسٹ پر حملہ بالکل جائز تھا کیونکہ اس سے قبل پاکستانی فوجیوں نے امریکی اور افغان سکیورٹی فورسزکی ٹیم پر فائرنگ کی تھی۔ تاہم پاکستان کی جانب سے امریکی اور افغان فوجیوں پر فائرنگ کے دعوے کی سختی سے تردید کی گئی ہے جبکہ بعض پاکستانی سول اور فوجی حکام نے امریکہ کواس واقعہ کا براہ راست ذمہ دارقراردیاہے۔ امریکہ نے ابھی تک اس تحقیقاتی رپورٹ کو شائع نہیں کیا۔