پاکستانی ٹیم نے دوسرے ہاکی میچ میں چینی ٹیم کو پانچ تین سے شکست دے کر سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل کرلی۔

چارمیچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں مہمان ٹیم نے کھیل کا آغاز قدرے بہترکیا جہاں ابتدائی گیارہ منٹ میں اس نے دو گول کرکے اپنے خطرناک عزائم کا اظہار کیا تاہم جلد ہی میزبان پاکستانی ٹیم نے کھیل میں واپسی کرتے ہوئے پہلے ہاف کے اختتام پر تین دو کی برتری حاصل کرلی۔ دوسرے ہاف میں دونوں ٹیموں نے اچھی کارکردگی دکھائی تاہم میچ کا نتیجہ پانچ تین سے پاکستان کے حق میں رہا۔ میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی کپتان محمد عمران کا کہنا تھا کہ وہ سیریز میں کلین سوئپ کرنا چاہتے ہیں چینی ٹیم کے کپتان سونگ یی کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم نے پہلے میچ کی بہ نسبت اس میچ میں اچھی پرفارمنس دکھائی امید ہے کہ فیصل آباد اور لاہور کے میچز میں چینی ٹیم فتح حاصل کرے گی۔ میچ کے اختتام پر گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے ہاکی کلب آف پاکستان کراچی میں بلوآسٹرٹروف لگوانے کا بھی اعلان کیا۔