پشاورکےعلاقے ڈھکی نعل بندی میں اے این پی کے جلسے میں خود کش دھماکے کے نتیجے میں خیبر پختونخوا کے سینیئر صوبائی وزیر بشیر احمد بلوراور ایس ایچ او تھانہ کابلی سمیت آٹھ افراد جاں بحق ہوگئے

دہشتگردوں نےہفتے کی شام ملکی فضا کو اس وقت ایک بار پھر سوگوار کردیا جب پشاور کے علاقے ڈھکی نعل بندی میں اے این پی کے جلسے کو نشانہ بنایا گیا۔ اس جلسے میں عوامی نیشنل پارٹی کے سینیئر رہنما بھی شریک تھے۔ خود کش حملہ آور نے خیبرپختونخوا کے سینیئر صوبائی وزیر بشیر احمد بلور کے نزدیک خود کو اڑالیا جس کے نتیجے میں سینیئر صوبائی وزیرشدید زخمی ہوگئے۔انہیں انتہائی تشویشناک حالت میں پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں پہنچایا گیا جہاں وہ ایک گھنٹہ تک موت وحیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد اپنے خالق حقیقی سے جاملے۔ڈاکٹروں کے مطابق بشیر احمد بلور کے پیٹ اور سینے پر سنگین نوعیت کے زخم آئے جو ان کی شہادت کا باعث بنے۔ان کی شہادت کی خبر اے این پی کے کارکنوں پربجلی بن کر گری۔ ڈھکی نعل بندی میں اے این پی کے جلسے میں ہونے والے دھماکے میں بشیر احمد بلور کے سیکرٹری نور احمد عرف بابو اور ایس ایچ او تھانہ کابلی ستار خان سمیت دیگر سات افراد بھی جاں بحق ہوگئے۔اس دھماکے میں بیس سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے جبکہ دھماکے کے بعد جلسہ گاہ میں بھگدڑ مچ گئی۔