وزیراعظم نواز شریف نے قانونی ماہرین کو دہشتگردی کے زیر التوا اور حکم امتناعی کیسز کا دوبارہ جائزہ لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنہوں نے ہمارے فوجیوں، شہریوں اور بچوں کی جانیں لیں ان پر رحم نہیں کیا جاسکتا۔

ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے دہشتگردوں کو سزائیں دلوانے اور حکم امتناعی کے خلاف فوری قانونی اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کردیں جب کہ اس حوالے سے اٹارنی جنرل آفس کو ہدایات بھی جاری کردیں، وزیراعظم نے لیگل ریفارمز کمیٹی کی تشکیل کے لئے وزارت قانون کو ہدایات جاری کرتے ہوئے چوہدری اشرف کو لیگل ریفارمز کمیٹی کا سربراہ بھی مقرر کردیا جب کہ کمیٹی مروجہ قوانین میں ترمین اور نئے قوانین کی تیاری میں معاونت کرے گی۔ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان سےہرقیمت پر مکمل طور پر دہشتگردی کے خاتمے کا عزم کر رکھا اور جس نے ہمارے فوجیوں، شہریوں اور بچوں کی جان لی ان پر رحم نہیں کیا جاسکتا، انہیں اپنے کئے کی سزا ضرور دی جائے گی اور دہشتگردی کے مقدمات کی متحرک انداز میں پیروی کی جائے۔