سابق امیر جماعت اسلام منور حسن کا کہنا ہے کہ پاکستان میں رائج نظام اصل جمہوری نظام سے مختلف ہے لیکن اس کے باوجود ملک میں جمہوریت کا تسلسل ضروری ہے تاکہ احساسِ محرومی کا ازالہ ہوتا رہے

کراچی میں موجودہ حالات کے تناظرمیں دینی قوتوں کے لائحہ عمل اور مشترکات کو واضح کرنے کے لیے تحریکِ اسلامی کے تحت اجتماع کا انعقاد کیا گیا، اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے منور حسن نے کہا کہ اسلامی تحریکیں مسلم معاشرے میں اپنے اپنے مقامی حالات کے تحت مختلف انداز میں سرگرمِ عمل ہیں لیکن ان کی بنیا د ایک قرآن و سنت ہے،اسلامی تحریکوں کو خوفزدہ اور مشتعل کرنے کی حکمتِ عملی اختیار کی جارہی ہے جس کا مظاہرہ مصر اور بنگلہ دیش میں کیا جاچکا ہے لیکن اسلامی تحریکیں ان مسائل پر قابو پارہی ہیں۔ امیرِ تحریکِ اسلامی پاکستان حافظ سید زاہد حسین نے کہا کہ اسلامی نظام کے قیام کی جدوجہد مسلمان ہونے کا تقاضا ہے۔اجتماع میں قرارداد بھی منظور کی گئی جس میں سانحہ پشاور کی شدید مذمت کی گئی۔