تیل سے مالا مال خلیجی ممالک نے ایک بار پھر کہا ہے کہ وہ تیل کی پیداوار میں کمی نہیں کریں گے اور تیل کی گرتی قیمت کا ذمہ دار ان ملکوں کو ٹھہرایا ہے جو تیل کی پیداوار تو کرتے ہیں لیکن اوپیک کے ممبر نہیں۔

سعودی عرب کے وزیر برائے پیٹرولیم علی النعیمی نے کہا ہے کہ ’غلط معلومات پھیلانے کے باعث تیل کی قیمتوں میں 40 فیصد کمی ہوئی ہے۔ابو ظہبی میں بات کرتے ہوئے سعودی وزیر نے اس تاثر کو رد کیا کہ سعودی عرب سیاسی مقاصد کے لیے تیل کی قیمتیں نیچے لا رہا ہے۔کویت اور متحدہ عرب امارات نے بھی کہا ہے کہ تیل کی پیداوار میں کمی نہیں کی جائے گی۔علی النعیمی نے کہا ’وہ ممالک جو اوپیک کے ممبر نہیں ہیں وہ تیل کی پیداوار کو کم کرنا چاہتے ہیں تو ضرور کریں۔ ہم نہیں کریں گے۔ خاص طور پر سعودی عرب نے کرے گا۔‘کویت کے وزیر برائے پیٹرولیم علی العمیر نے کہا کہ تیل برآمد کرنے والے ملکوں کی تنظیم اوپیک کو پیداوار کم کرنے کی ضرورت نہیں ہے اور اسی لیے کوئی ہنگامی اجلاس طلب نہیں کیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا ’میرے خیال میں پیداوار میں کمی کی ضرورت نہیں ہے۔ ہم نے دوسروں کو موقع دیا لیکن وہ بھی ایسا کرنے کو تیار نہیں تھے۔