کوٹ لکھپت جیل لاہور میں تین دن گزرجانے کے باوجود چاروں دہشت گردوں کے ڈیتھ وارنٹ جاری نہ ہو سکے،جیل ذرائع کے مطابق آئندہ48گھنٹے میں ڈیتھ وارنٹ موصو ل ہو گئے تو دہشتگردوں کو تختہ دار پر لٹکا دیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق کوٹ لکھپت جیل میں قید چاروں دہشت گرد زاہد، احسان عظیم ،عمر ندیم اور کامران ملتان اور گجرات میں دہشتگردی کے واقعات میں ملوث پائے گئے۔ دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر کوٹ لکھپت جیل میں سیکیورٹی کو مزید بڑھا دیا گیا ہے۔ جیل کے چاروں اطراف میں چیک پوسٹیں بھی قائم کر دی گئی ہیں جہاں آرمی اور رینجرز کے دستوں کو تعینات کیا گیا ہے۔ ملاقاتیوں کی مکمل جانچ پڑتال کے بعد انہیں قیدیوں سے ملنے دیا جا رہا ہے۔ جیل حکام کا کہنا ہے کہ چاروں دہشت گردوں کے ڈیتھ وارنٹ جیسے ہی موصول ہوں گے، اسی وقت ان کو تختہ دار پر لٹکا دیا جائے گا۔ اس سلسلے میں تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق دہشت گردوں سے ملنے کیلئے ابھی تک کوئی نہیں آیا۔۔