کالعدم تنظیم کے رہنما ملک اسحاق کی نظر بندی میں توسیع کا جائزہ لینے کے حوالے سے لاہور ہائیکورٹ کے تین ججز پر مشتمل نظر ثانی بورڈ قائم کر دیا گیا

لاہورہائیکورٹ کے جسٹس منظور احمد ملک، جسٹس فرخ عرفان خان اور جسٹس عبدالسمیع خان کی سربراہی میں تین رکنی نظر ثانی بورڈ ملک اسحاق کی نظر بندی میں توسیع کا جائزہ لے گا،بھکر پولیس نے اشتعال انگیزتقریریں کرنے پر کالعدم تنظیم کے رہنما ملک اسحاق کو گذشتہ چار ماہ سے نظر بند کر رکھا ہے،پولیس نے تین ماہ کی نظر بندی مکمل ہونے پر ملک اسحاق کو نظر ثانی بورڈ کے سامنے پیش کیا تو نظر ثانی بورڈ نے ملک اسحاق کی نظر بندی میں مزید ایک ماہ کی توسیع کی تھی ۔توسیع شدہ ایک ماہ مکمل ہونے پر پولیس کی جانب سے مزید نظر بندی کے احکامات حاصل کرنے کے لئے ملک اسحاق کو ایک مرتبہ پھر عدالت عالیہ کے نظر ثانی بورڈ کے روبرو پیش کیا جائے گا،،ملک اسحاق کی پیشی کے پیش نظر عدالت کی سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے اور عدالتوں کے چھتوں پر بھی سنائپرز تعینات کر دئیے گئے ہیں