سول ایوی ایشن اتھارٹی اور اسپین کی کمپنی کے درمیان ریڈار سسٹم کی فراہمی کے معاہدہ پر دستخط ہوگئے نو اعشاریہ چھ ملین ڈالر کی لاگت سے ریڈارسسٹم کی تنصیب تین سال میں مکمل ہوجائے گی۔

ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن ایئر وائس مارشل خاور حسین اوراسپین کی کمپنی اندرا کے وائس پریذیڈنٹ فرانسسکو نویرو نے معاہدے پر دستخط کیے ،اس معاہدے کے بعد سول ایوی ایشن اتھارٹی کے تمام ایئر پورٹس پر نئے ریڈار سسٹم نصب کیے جائیں گے، میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے اے وی ایم خاور حسین نے بتایا کہ27 سالہ پرانے ریڈار کی جگہ نئے ریڈار کی تنصیب سے ایئر سیفٹی میں بہتری آئے گی، نئے ریڈار سسٹم کی تنصیب سے پاکستانی فضاؤں میں زیادہ جہاز اڑ سکیں گے انہوں نے بتایاکہ پرانے سسٹم کے ذریعے 50 ناٹیکل مائل کے فاصلے سے جہاز اڑتے تھے لیکن اب 30 ناٹیکل مائل تک جہاز اڑ سکیں گے، انہوں نے کہاکہ اسپین کی کمپنی کے ساتھ معاہدہ خوش آئند ہےاس سے سول ایوی ایشن کی صلاحیت دگنی ہوجائے گی