میرا کی طرف سے سول کوٹ میں دائر تکذیب نکاح کیس میں عدالت نے عتیق الرحمن کو سولہ جنوری کو طلب کرلیا
اداکارہ میرا اپنے وکیل بلخ شیر کھوسہ کے ہمراہ ایل ڈی اے کمپلیکس میں واقع سول عدالت میں پیش ہوئیں۔ انہوں نے عدالت میں بیان دیا کہ ان کی عتیق الرحمن سے کبھی شادی نہیں ہوئی۔ میرا کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ عدالت عتیق الرحمن اور متعلقہ یونین کونسل سے نکاح کی تصدیق کیلئے ریکارڈ طلب کرے۔ سول جج شمیم اختر وٹو نے عتیق الرحمن اور متعلقہ یونین کونسل سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 16جنوری تک ملتوی کر دی۔ عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میرا نے کہا کہ عتیق الرحمن نے ان کی شہرت کو نقصان پہنچانے کیلئے ڈرامہ رچا رکھا ہے۔ انہیں عدالت پر پورا بھروسہ ہے، انصاف ضرور ملے گا۔ ایک سوال کے جواب میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ آج انہوں نے میچنگ نہیں کی، سیاہ لباس کے ساتھ براؤن پرس کا کنٹراسٹ کیا ہے۔۔