قومی اسمبلی کے حلقہ این اے ایک سوچون میں ضمنی الیکشن کا میدان کل سجے گا,الیکشن کمیشن نے پولنگ اسٹیشنوں پر بیلٹ پیپرز اور دیگر سامان کی ترسیل فوج کی نگرانی میں شروع کردی
لودھراں کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے ایک سوچون میں ضمنی الیکشن کا میدان کل سجے گا۔ الیکشن کمیشن نے پولنگ اسٹیشنوں پر بیلٹ پیپرز اور دیگر سامان کی ترسیل شروع کردی ہے۔ ضمنی الیکشن کیلئے پولنگ میٹیریل کی ترسیل کا عمل فوج کی نگرانی میں کیا جارہا ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ کے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ پولنگ اسٹیشنز پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ کل ہونیوالے ضمنی الیکشن کے موقع پر حساس پولنگ اسٹیشنز پر فوج بھی تعینات ہوگی۔ ووٹرز کی سہولت کے لیے لودھراں میں مقامی تعطیل ہوگی۔ پریذائیڈنگ افسران کو مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات حاصل ہوں گے اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سزا دی جائے گی، دوسری جانب مرکزی آفس میں قائم کیے گئے کنٹرول روم میں شکایات درج کرائی جاسکیں گی۔ لودھراں کے ضمنی الیکشن میں بیس امیدوار مد مقابل ہیں تاہم اصل مقابلہ مسلم لیگ ن کے صدیق بلوچ اور تحریک انصاف کے جہانگیر ترین کے درمیان ہے۔ ایم کیو ایم نے مسلم لیگ ن کے امیدوار صدیق بلوچ اور جماعت اسلامی نے تحریک انصاف کے جہانگیر ترین کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔