ملک بھر میں جشن عیدمیلادالنبی مذہبی جوش وجذبے کےساتھ منانے کیلئے تیاریاں عروج پرپہنچ گئیں،
ملک بھرمیں عید میلاد النبی کی مناسبت سے جلسے جلوس اورریلیوں کا انعقاد کیا گیا، مختلف شہروں میں درود و سلام اور محافل نعت کا سلسلہ جاری ہے، جھنگ میں جشن میلادالنبی عقیدت و احترام سے منانے کیلئے تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں، مساجد، سرکاری و نجی عمارتوں اور گلی کوچوں میں برقی قمقموں سے چراغاں کیا جا رہا ہے، نعتیہ اشعار پر مبنی بینرز، آرائشی محرابیں ،رنگ برنگی جھنڈیوں سے عمارتوں اور تجارتی مراکز کوسجایا گیا ہے، ادھر راولاکوٹ اور اس کے نواحی علاقوں میں عاشقان مصطفے بازاروں اور مارکیٹوں کو جھنڈوں، بینروں اور جھنڈیوں سے سجانے میں مصروف ہیں، جبکہ ضلعی انتظامیہ نے تمام داخلی اور خارجی راستوں کی نگرانی سخت کرتے ہوئے سکیورٹی میں اضافہ کردیا، نواحی اضلاع باغ، حویلی اور سدہنوتی میں بھی عید میلاد النبی کی تیاریاں عروج پر ہیں اورگھروں سکول کالجز سمیت مختلف اداروں میں تقریبات منعقد کی گئیں، ادھرلاڑکانہ کے تعلقہ باڈہ میں جشن عید میلاد نبی کی مناسبت سے ریلی نکالی گئی،،ریلی میں عاشقان مصطفیٰ نے بڑی تعداد میں شرکت کی، ریلی شہر کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی شہید شان ڈہر چوک پر پہنچ کراختتام پذیر ہو گئی، ملکہ کوہسارمری میں جشن عید میلاد البنی انتہائی جوش و خروش اور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے، مری مال روڈ ،لوئر بازار ،کارٹ روڈ سمیت دیگر اہم مقامات کو رنگ برنگی جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے دلہن کی طرح سجا دیا گیا،مری میں 12 ربیع الاول کا مرکزی جلوس جامع مسجد غوثیہ کارٹ روڈ سے نکالا جائیگا جس کی قیادت خطیب جامع مسجد غوثیہ تسنیم سلطان چشتی کریں گے، اسی طرح میرپورماتھیلو،صحبت پورہ اور بہاولنگر سمیت ملک کے دیگرشہروں میں بھی درودوسلام کی محفلیں منعقد کی گئیں۔