پنجاب میں بلدیاتی اداروں کے سربراہوں کے انتخاب کیلئے پولنگ جاری

الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب میں چھ میونسپل کارپوریشنوں کےسربراہان کیلئے ووٹنگ صبح نو بجے شروع ہوئی جو دوپہر دو بجے تک جاری رہے گی۔ پولنگ کے دوران کسی بھی وزیر یا رکنِ اسمبلی کو پولنگ اسٹیشن میں جانے کی اجازت نہیں ہے۔ امیدواروں اور ووٹرز کے لئے بھی پولنگ اسٹیشن میں فون لے جانے پر بھی پابندی عائد ہے۔ پنجاب کی چھتیس ضلع کونسلوں میں سے چنیوٹ اور نارووال کی ضلع کونسلوں کے چیئرمین اور وائس چیئرمین بھی بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔ تینتیس ضلع کونسلوں اور ایک سو اناسی میونسپل کمیٹیوں کے چیئرمینوں اور وائس چیئرمینوں کا انتخاب عمل میں آئے گا۔ ضلع کونسل راولپنڈی، میونسپل کارپوریشن مری اور تین میونسپل کمیٹیوں کے انتخابات مختلف وجوہات کی بنا پر روک لئے گئے ہیں۔ دوسری جانب پولنگ کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے حساس پولنگ اسٹیشنز میں پولیس کے ساتھ رینجرز بھی تعینات ہے۔