پیراگون سٹی کیس: خواجہ سعد اور سلمان رفیق آج احتساب عدالت کے سامنے پیش ہوں گے
پیراگون سٹی کیس میں خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق آج احتساب عدالت کے سامنے پیش ہوں گے۔ اس سے قبل 12 دسمبر کو ہونے والی سماعت میں نیب ٹیم کی جانب سے خواجہ برادران کو لاہور کی احتساب عدالت میں پیش کیا گیا جہاں نیب نے ان کے 15 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔ نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایاکہ ملزمان نے پیراگون کی ملکیت سے متعلق جھوٹ بولا ہے تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایاکہ سعدرفیق اہلیہ کے نام پرسوسائٹی بنانے جارہے تھے، سوسائٹی کی زمین سعدرفیق نے فروخت کی۔ تفتیشی افسر کا کہناتھا کہ پھلرواں گاؤں کے قریب پیراگون سٹی کے نام سے سوسائٹی بنائی،پیراگون سوسائٹی غیرقانونی ہے،ایل ڈی اے سے منظورنہیں۔ تفتیشی افسرکا کہناتھا کہ پیراگون سوسائٹی کے 90 متاثرین شکایات کی درخواستیں لے کرآئے،بلڈرزکے اکاؤنٹس سے خواجہ برادران کے اکاؤنٹ میں اربوں کی ٹرانزیکشن ہوئی۔تفتیشی افسر نے بتایا کہ 6 مارچ 2018 کوتفتیش شروع ہوئی،تفتیش دوران قیصرامین بٹ نیب میں پیش نہیں ہوئے۔ خواجہ برادران کے وکیل اعظم نذیر تارڑ نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کی،عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے خواجہ برادران کو 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا، عدالت نے ملزموں کو دوبارہ 22 دسمبر کو پیش کرنے کا حکم دیدیااور ملزموں کو میڈیکل سہولیات فراہم کا بھی حکم دیدیا۔ لیگی کارکنان کے احتجاج کے پیش نظر عدالت کو خاردار تاروں سے سیل کردیا گیا ہے جبکہ پولیس کی بھاری نفری طلب کی گئی ہے،ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب کی جانب سے دونوں بھائیوں کے 15 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی۔