کرتارپور کوریڈور: دریائے راوی پر پل کی تعمیر شروع کر دی گئی
نارووال میں کرتار پور کوریڈور منصوبہ کی تکمیل پر کام تیزی سے جا ری ہے، دریائے راوی پر پل کی تعمیر کا کام شروع کر دیا گیا۔ پل بنانے والی بورنگ مشینری نے کام شروع کر دیا، پل کی تعمیر میں استعمال ہونے والا ہزاروں ٹن سریا پہنچ گیا، بڑی مقدار میں ریت بجری بھی ٹرکوں اور ڈمپرز کے ذریعے پہنچا دی گئی۔ دریائے راوی کے پل کی تعمیر پر مزدور دن رات کام میں مصروف ہیں، کرتار پور سے دریائے راوی تک مشینری اور میٹریل پہنچانے کیلئے کچی سڑک مکمل کرلی گئی، پل کی تعمیر میں استعمال ہونے والے سریے کے بیموں کی تیاری بھی شروع کردی گئی۔ 28 نومبر کو وزیراعظم پاکستان عمران خان نے بھارت سمیت دنیا بھر کے سکھوں کے دیرینہ مطالبہ کو پورا کرتے ہوئے کرتارپور سے پاکستان بھارت کوریڈور منصوبہ کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔