بھارت اب دنیا بھر میں انتہا پسند ملک کی حیثیت سے جانا جاتا ہے:ڈاکٹر فردوس
اطلاعات ونشریات کے بارے میں وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ آر ایس ایس کی سوچ کے زیر تسلط مودی حکومت نے بھارت کا نام نہاد سیکولر ملک ہونے کا دعوی بے نقاب کردیا ہے۔سیالکوٹ میں پارٹی کوآرڈینیٹرز سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت اب دنیا بھر میں انتہا پسند ملک کی حیثیت سے جانا جاتا ہے۔فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم وستم کا بازار گرم کررکھا ہے اور آر ایس ایس کی سوچ کو فروغ دیا جس کے نتیجے میں ملک میں ہرجگہ پرتشدد احتجاجی واقعات رونما ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز نے کنٹرول لائن پر بلااشتعال حملوں کا سلسلہ شروع کررکھا ہے جن میں بیگناہ شہری جاں بحق ہورہے ہیں تاہم مسلح افواج اور پاکستان کے عوام بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے متحد ہیں۔ادھر سیالکوٹ میں پارٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ وفاقی کابینہ کو مریم نواز کے بیرون ملک جانے کی درخواست موصول ہوگئی ہے جس پر منگل کو فیصلہ کیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ کابینہ درخواست پرتفصیلی غور وخوص کے بعد آئین اور قانون کے مطابق فیصلہ کریگی۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کو نیب کے سامنے پیش ہو کر قومی احتساب بیورو کو اپنے اثاثوں کی مطلوبہ منی ٹریل فراہم کرنی چاہیے۔(این این آر، وہاج بشیر)