نارووال سپورٹس سٹی کمپلیکس ریفرنس:احسن اقبال سمیت دیگرملزمان پر فرد جرم عائد
اسلام آباد کی احتساب عدالت نے نارووال سپورٹس سٹی کمپلیکس ریفرنس میں مسلم لیگ( ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی جبکہ ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا ۔ منگل کو نارووال سپورٹس سٹی کمپلیکس ریفرنس کی سماعت اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج اصغرعلی نے کی ۔ اس موقع پر احسن اقبال سمیت دیگر ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی کی گئی اور دوران سماعت عدالت نے مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر داخلہ احسن اقبال پر فرد جرم عائد کر دی جبکہ ملزم نے صحت جرم سے انکار کر دیا ۔اس کے علاوہ سابق ڈی جی پاکستان سپورٹس بورڈ اختر نواز گنجیرا، سرفراز رسول،وزارت منصوبہ بندی کے افسر آصف شیخ اور پرائیویٹ کنٹریکٹر محمد احمد پر بھی فرد جرم عائد کی گئی۔ تمام ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا ۔بعد ازاں احتساب عدالت اسلام آباد نے12جنوری کو احسن اقبال کے خلاف نیب سے گواہ طلب کرتے ہوئے نارووال سپورٹس سٹی کمپلیکس ریفرنس کیس کی سماعت 12 جنوری تک ملتوی کر دی۔