بھارتی فوج کی کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا: آرمی چیف
آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا ہے کہ بھارتی فوج کی اشتعال انگیزیاں بالخصوص اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کی گاڑیوں کو نشانہ بنانے کے اقدام علاقائی امن و استحکام کیلئےخطرہ ہیں۔ بھارتی فوج کی کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا اور اگلے مورچوں پر تعینات جوانوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر آرمی چیف کو ایل او سی پر بھارتی اشتعال انگیزیوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔جنرل قمر جاوید باوجوہ کو عالمی قوانین کے برخلاف یو این گاڑی کو نشانہ بنانے سے متعلق بھی آگاہ کیاگیا۔ سپہ سالار نے کہاکہ بھارتی اشتعال انگیزیوں بالخصوص یو این فوجی مبصرین کی گاڑیوں کو نشانہ بنانے کے اقدام علاقائی امن و استحکام کیلئے خطرہ ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے اگلے مورچوں پر تعینات جوانوں کے بلند حوصلےکی تعریف کی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ بھارتی فوج کو کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیاجائے گا۔ پاک فوج ایل او سی پر آبادی کے تحفظ کیلئے اقدامات بروئے کار لائےگی۔