قومی ٹیم زمباوے کے خلاف میچ میں ہر صورت کامیابی حاصل کرے ورنہ پہلے مرحلے میں ہی واپسی فلائٹ کیلئے تیار رہے : وسیم اکرم
ایک انٹرویو میں وسیم اکرم نے کہا وہ گرین شرٹس کی کارکردگی سے سخت مایوس ہیں ۔دو میچز میں شکست کے بعد اب زمبابوے کے خلاف اب یا کبھی نہیں والا معاملہ ہے۔انہوں نے کہا کھلاڑیوں کو ان لوگوں کے جذبات کے بارے میں سوچنا چاہیے جو اسٹیڈیم آتے ہیں اور ملک میں ٹی وی پر میچ دیکھ رہے ہوتے ہیں ۔کنگ آف سوئنگ نے ٹیم منیجمنٹ اور کپتان مصباح الحق پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پانچ ریگولر بولرز کے ساتھ نہ کھیلنا حیران کن ہے۔ ایک بولر کم کرکے گرین شرٹس اپنی بولنگ کی قوت کو کمزور کررہے ہیں۔وسیم اکرم نے کہا کہ ساتواں بیٹسمین کھلا کر بھی پاکستانی ٹیم ہدف عبور کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی۔ یہ انتہائی خطرناک صورتحال ہے لہٰذا اس حکمت عملی کو فوراً تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے ناصر جمشید کی سلیکشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ محمد حفیظ کے باہر ہوجانے کے بعد ناصرجمشید کو ٹیم میں شامل کیا جانا سمجھ سے باہر تھا۔ ڈومیسٹک کرکٹ میں کئی کھلاڑیوں نے ناصر جمشید سے اچھی اچھی پرفارمنس دی تھی۔اس کے باوجود انہیں اسکواڈ میں شامل کرنا حیران کن ہے -