چیئرمین نیب کا پاکستان سپورٹس بورڈ میں مبینہ طور پر بدعنوانی اور قواعدوضوابط کی خلاف ورزی کا نوٹس
چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال نے پاکستان سپورٹس بورڈ میں مبینہ طور پر بدعنوانی اور قواعدوضوابط کی خلاف ورزی کا نوٹس لیتے ہوئے وفاقی وزیر ریاض پیرزادہ اور ڈی جی سپورٹس بورڈ اختر گنجیراکے خلاف انکوائری کا حکم دیا ہے ۔ شکایت کے مطابق پاکستان سپورٹس بورڈ کے مختلف شعبہ جات میں مبینہ بدعنوانی خصوصاًگزشتہ چار سالوں میں مختلف نئے پراجیکٹس جن میں نارووال سپورٹس سٹی ، لیاقت جمنیزیم مختلف کھیلوں کی فیڈریشنزکو مالی گرانٹس اور بیرون ملک وزراء ،سیکرٹریز ،ڈائریکٹر جنرل پاکستان سپورٹس بورڈ اور دیگر کے خاندان کے افراد کا فیڈریشنز کے فنڈز پر غیر ملکی دورے کرنے اور قومی خزانے کا بے دریغ استعمال اس کے علاوہ پاکستان سپورٹس بورڈ میں قواعد وضوابط کے خلاف تقرریاں ملک کے مختلف اسٹیڈیمز کی فنڈز کے باوجود ناگفتہ بہ صورتحال اور ان کی دیکھ بھال کے فنڈز میں مبینہ طور پر خورد برد کے علاوہ کھیلاڑیوں کی ٹرینگ کیلئے عملی ٹریننگ کی بجائے مبینہ طور پر کاغذی کیمپس کا انعقاد اور مختلف کھیلوں کے سامان کے نام پر جاری فنڈز میں خرد برد اور بدعنوانی کی شکایات شامل ہیں ۔ چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال نے بلوچستان اسمبلی کی رکن انیتہ عرفان کے خلاف مبینہ طور پر کرسچین ویلفیئر ہائوسنگ سوسائٹی بشیر آبادکوئٹہ کے پلاٹس کو دھوکہ دہی کے ذریعے غیر مستحق مسیحوں کو دینے کی شکایت کی جانچ پڑتال کا ڈائریکٹر جنرل نیب بلوچستان کو حکم دیا ہے اور قانون کے مطابق رپورت پیش کرنے کی ہدایت کی ہے ۔