پاکستان کی سفارتی محاذ پر ایک اور کامیابی، بھارت کو شرمندگی کا سامنا
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پلوامہ حملے پر سلامتی کونسل کے اعلامیے میں پاکستان کا نام شامل کرنے کی بھارتی کوشش ناکام ہوگئی۔ پلوامہ واقعہ پر بھارتی الزام تراشیاں اور کئی ممالک کو بریفنگز بھی کچھ کام نہ آئی، بھارتی کوششوں کے باوجود سلامتی کونسل کے اعلامیے میں پاکستان کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا۔ بھارت کے ثبوت کے بجائے الزامات کی پالیسی کو سلامتی کونسل نے رد کردیا۔ پاکستانی سفارتی ذرائع کے مطابق پلوامہ حملے کے بعد پاکستان نے بھی مختلف ممالک کے سفیروں کو اپنے مؤقف سے آگاہ کیا تھا۔ خیال رہے گزشتہ روز قومی سلامتی کمیٹی کے اہم اجلاس میں وزیرِ اعظم عمران خان نے بھارتی محاذ آرائی پر مسلح افواج کو منہ توڑ جواب دینے کا اختیار دے دیا ہے۔