کلبھوشن کیس: بھارت پاکستان کے سوالات کا جواب دینے میں ناکام
عالمی عدالت انصاف میں بھارتی جاسوس سے متعلق کیس کی سماعت میں بھارت، کلبھوشن یادیو سے متعلق سوالات کے جواب دینے میں ناکام ہوگیا۔ہیگ میں قائم عالمی عدالت انصاف میں پاکستانی وکیل خاور قریشی نے بھارت کے خلاف اپنے جواب الجواب کے آغاز میں ہی اپنے جارحانہ دلائل کی وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ان کے الفاظ کو نہیں بگاڑا جائے، بھارت ‘خوابوں کی دنیا’ میں رہ رہا ہے اور پاکستان کے خلاف لگائے گئے الزامات پر اٹھائے گئے سخت سوالات کے جواب دینے میں ناکامی سے بدستور توجہ ہٹانے کی کوشش کررہا ہے۔
پاکستان کے وکیل نے گزشتہ روز سماعت میں حتمی دلائل دیتے ہوئے کہا کہ بھارت دعویٰ کرتا ہے کہ یہ کیس صرف قونصلر رسائی سے انکار سے متعلق ہے جبکہ یہ اس سے کہیں زیادہ ہے۔
خاور قریشی نے بھارت کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن سیکریٹری کے الفاظ کو اسلامی جمہوریہ پاکستان کی سرکاری پوزیشن کہنے کو مضحکہ خیز قرار دیا۔انہوں نے کلبھوشن یادیو کے مبینہ اغوا کے دعوے کو ’ بھارتی فکشن‘ قرار دیتے ہوئے ڈاکٹر متل کی ناکامی پر روشنی ڈالی جو بھارتی جاسوس کے مبینہ اغوا سے متعلق ایرانی حکام سے بات کرنے کی کوشش میں ناکام ہوگئے تھے۔