پاکستان کوایف اے ٹی ایف کی بلیک لسٹ میں شامل کرانےکی تمام بھارتی کوششیں ناکام ہوگئی ہیں:ڈاکٹرفردوس
اطلاعات ونشریات کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی بلیک لسٹ میں پاکستان کو شامل کرانے کی بھارت کی تمام کوششیں ناکام ہوگئی ہیں۔آج اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ ٹاسک فورس کی جانب سے پاکستانی اقدامات کا اعتراف ملک کیلئے خوش خبری اور دشمنوں کیلئے بری خبر ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی مکمل حمایت کرنے پرہم اپنے دیرینہ دوست ملک چین کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔معاون خصوصی نے کہاکہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے اورہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بڑی قربانیاں دی ہیں۔انہوں نے کہاکہ باقی ماندہ اہداف کے حوالے سے تنظیم کے ارکان نے پاکستان کے عزم کو سراہا ہے جو پاکستان کی کوششوں کا اعتراف ہے ۔