قومی خزانے کو مبینہ طورپر اربوں روپے کا نقصان پہنچانے والے ہرشخص کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی عمل میں لائی جائے گی: چیئرمین نیب
اسلام آباد:قومی احتساب بیوروکے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈجاوید اقبال کی زیر صدارت نیب کا اعلیٰ سطح کا اجلاس نیب ہیڈ کوارٹرزمیں ہوا۔اجلاس میں ڈپٹی چیئرمین نیب، پراسیکیوٹرجنرل نیب، ڈی جی آپریشن نیب، ڈی جی نیب راولپنڈی اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ مبینہ شوگر سبسڈی اسکینڈل کی تحقیقات مشتمل مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کر رہی ہے جس میں دوانویسٹی گیشزافسران، فنانشل ایکسپرٹ، لیگل کنسلٹنٹ، شوگر انڈسٹری کے معاملات کے بارے میں تجربہ رکھنے والے ایکسپرٹ، فرانزک ایکسپرٹ اور کیس افسر، ایڈیشنل ڈائریکٹر اور متعلقہ ڈائریکٹر کے علاوہ تحقیقات کی نگرانی ڈی جی نیب راولپنڈی کررہے ہیں۔چیئرمین نیب نے ہدایت کی کہ مبینہ چینی سبسڈی سکینڈل کی تحقیقات میں تمام متعلقہ افراد اور محکموں کو اپنی صفائی کا قانون کے مطابق پورا موقع فراہم کیا جائے اور غیر قانونی طریقہ سے چینی سبسڈی وصول کرکے قومی خزانے کو مبینہ طورپر اربوں روپے کا نقصان پہنچانے والے ہرشخص کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔