اسلام آباد کے دیہی علاقوں کے رہائشیوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں. وزیرِ اعظم کی ہدایت

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت اسلام آباد میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر آج جائزہ اجلاس منعقد ہوا. اجلاس میں وزیرِ اعظم نے اسلام آباد کے دیہی علاقوں کی ترقی اور انفراسٹرکچر کے حوالے سے بھی تفصیلات طلب کیں. وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ اسلام آباد کے دیہی علاقوں کی ترقی کیلئے سی ڈی اے نے 10 ارب روپے کی رقم مختص کی ہے جس سے سالڈ ویسٹ مینیجمنٹ، سیوریج کا نظام اور سڑکوں کی تعمیر و بحالی اور پبلک ٹرانسپورٹ کی اسکیمیں مکمل کی جائیں گی. اجلاس کو بارہ کہو بائی پاس، 7th ایونیو انٹرچینج، مارگلہ ایونیو، 11th ایونیو، IJP روڈ، اسلام آباد ایکپریس وے، اور پارکنگ پلازہ کے جاری منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا. اجلاس کو بتایا گیا کہ بارہ کہو بائی پاس پر 24 گھنٹے کام جاری ہے. وزیرِ اعظم نے بارہ کہو بائی پاس کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کر دی. وزیرِ اعظم نے کہا کہ بارہ کہو بائی پاس عوامی نوعیت کا اہم منصوبہ ہے جس کی تعمیر میں کسی قسم کا تعطل قبول نہیں کیا جائے گا. اجلاس کو بتایا گیا کہ 7th ایونیو انٹر چینج اور مارگلہ ایونیو منصوبے مکمل ہوچکے ہیں. IJP روڈ کا توسیعی منصوبہ 23 مارچ تک مکمل کر لیا جائے گا. مزید برآں 11th ایونیو اور اسلام آباد ایکسپریس وے کا فیز ون رواں سال کے وسط جبکہ بلیو ایریا پارکنگ پلازہ اور ایکسپریس وے کا فیز ٹو رواں سال کے آختتام تک مکمل کرلئے جائیں گے. اجلاس میں چیئرمین سی ڈی اے کی جانب سے ٹرانسپورٹ کے فیڈر روٹس اور بس ٹرمینل کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی. اجلاس کو بتایا گیا کہ سی ڈی کی جانب سے بین الاقوامی معیار کا ایک نیشنل بس ٹرمینل اور 3 سیٹلائٹ ٹرمینل بنائے جائیں گے جس میں نجی شعبے کی سرمایہ کاری ہوگی. اسکے علاوہ 90 دن میں بسوں کے 13 فیڈر روٹس شروع کئے جا رہے ہیں جبکہ چار فیڈر روٹس اس وقت کام کر رہے ہیں. اسلام آباد کے پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم کے ذریعے روزانہ کی بنیاد پر 2 لاکھ کے قریب لوگ معیاری سفری سہولیات سے مستفید ہو رہے ہیں. وزیرِ اعظم کو اسلام آباد میں پارکنگ کے مسائل کے حل کیلئے سی ڈی اے کے اقدامات سے آگاہ کیا گیا. مزید برآن سی ڈی اے F8, F10, G9, 1-8 اور بلیو ایریا میں پارکنگ پلازے بنا رہی ہے. 5000 گاڑیوں کی پارکنگ کی استعداد سے یہ پارکنگ پلازے شہر میں پارکنگ کے مسئلے کو حل کرنے میں کلیدی کردار ادا کریں گے. چیئرمین سی ڈی اے نے سمندر پار پاکستانیوں کیلئے رہائشی منصوبوں پر بھی تفصیلی بریفنگ دی. وزیرِ اعظم نے ہدایت دی کہ ان منصوبوں کو بین الاقوامی معیار پر لانے کیلئے ان میں بہترین سہولیات میسر کی جائیں. وزیرِ اعظم نے کہا کہ سمندر پار پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں. ان منصوبوں میں سرمایہ کاری کیلئے نظام کو شفاف اور خودکار بنایا جائے. منصوبوں کی راہ میں کسی قسم کی رکاوٹ یا تعطل قبول نہیں کیا جائے گا. اجلاس میں وفاقی وزراء اسحاق ڈار، رانا ثناء اللہ، مشیرِ وزیرِ اعظم احد چیمہ، معاونِ خصوصی طارق باجوہ، سابقہ وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری، سابقہ ارکانِ اسمبلی حنیف عباسی، انجم عقیل اور متعلقہ اعلی حکام کی شرکت.