چوری کیا ہوا آدھا پیسہ بھی واپس لے آئیں تو مہنگائی نہیں کرنی پڑے گی: عمران خان

ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نے کہا کہ شہباز شریف نے آج قوم سے کہا ہے کہ مزید مہنگائی کیلئے تیار ہو جائیں کیونکہ آئی ایم ایف سے معاہدہ کرنا ہے، گاڑیوں میں کمی اور زمینیں بیچنے سے کچھ نہیں ہو گا اور یہ لوگوں کیلئے کچھ کرنا چاہتے ہیں تو جو انہوں نے چوری کا پیسہ باہر رکھا ہوا ہے وہ واپس لے آئیں۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ میں شہباز شریف سے کہنا چاہتا ہوں کہ یہ سوشل میڈیا کا زمانہ ہے، آپ نے لوگوں سے جو وعدے کیے وہ لوگ ایک منٹ میں نکال کر سامنے لے آتے ہیں، صرف جا کر نکال لیں کہ جب ہماری حکومت تھی تو آپ نے کس قسم کی تقریریں کی تھیں کہ مہنگائی بڑھ گئی، پیٹرول مہنگا ہو گیا ہے تو اسلام آباد کی طرف مارچ کرو، اس حکومت کو گرا دو۔ انہوں نے مزید کہا کہ کیا آپ کو یاد ہے، اگر آپ کو یاد نہیں ہے تو سوشل میڈیا پر آپ کی ساری تقریریں لے آئیں گے، آپ نے حکومت گرائی، آپ اس سازش کا حصہ تھے، آپ نے، آصف زرداری نے، تیسرا آدمی لندن میں آپ کا بھائی اور سابق آرمی چیف نے مل کر یہ کام کیا اور بیرونی طاقتوں کو یہ کہہ کر شامل کر لیا کہ عمران خان آپ کے خلاف ہے، سب نے مل کر یہ حکومت گرائی۔