پاکستان سرمایہ کاری کیلئے بہترین ملک ہے۔ داخلی سلامتی کی صورتحال میں بہتری سے معیشت مستحکم ہوئی: نوازشریف
ڈیووس میں تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ حکومت پالیسیوں میں شفافیت پر یقین رکھتی ہے۔ پاکستان میں میڈیا آزاد اور سول سوسائٹی متحرک ہے۔ پائیدار ترقی کے لیے معاشی اصلاحات لائی گئی ہیں۔ انسانی وسائل کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ انکا کا کہنا تھا کہ قدرتی وسائل اور جغرافیہ کی وجہ سے پاکستان سرمایہ کاری کےلئے اہمیت رکھتا ہے۔ ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کررہے ہیں۔ دہشتگردی کیخلاف جنگ کے بارے میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف نیشنل ایکشن پلان شروع کیا۔ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف اقدامات کے مثبت نتائج آرہے ہیں۔ ملک میں امن وامان کی صورتحال بہتر ہورہی ہے۔ انکا کہنا تھا کہ حکومت نے ترقیاتی اخراجات کو دگنا کیا ہے۔ توانائی کے مسائل ختم کرنے کیلئے کئی منصوبوں پرکام کررہے ہیں۔ وژن دوہزار پچیس میں عوام کو اولین ترجیح دی گئی ہے۔ ملک میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے یوتھ لون پروگرام شروع کیا ہے۔
وزیراعظم محمد نواز شریف نے سانحہ چارسدہ پر اعلیٰ سطح کا اجلاس بلا لیا۔ اجلاس میں سانحہ چارسدہ کی تحقیقاتی رپورٹ کی روشنی میں اہم فیصلے کیے جائیں گے۔ اجلاس میں عسکری قیادت بھی شریک ہو گی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت پیر کے روز اسلام آباد میں اجلاس ہو گا۔ اجلاس میں عسکری قیادت بھی شریک ہو گی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں سانحہ چارسدہ کی تحقیقاتی رپورٹ کی روشنی میں اہم فیصلے کیے جائیں گے۔ اجلاس کے دوران قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد میں حائل رکاوٹوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس میں پٹھان کوٹ واقعہ کی تحقیقات میں پیشرفت اور بھارتی حکومت کے ردعمل کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس میں وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان ،وزیر دفاع خواجہ آصف، مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ سمیت دیگر اہم شخصیات شریک ہونگی۔۔