سربراہ ایم کیو ایم پاکستان فاروق ستار نے بلدیاتی نمائندوں کے اختیارات کے لئے احتجاج کرنے کا اعلان کردیا۔
حیدرآباد کے پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سربراہ ایم کیو ایم پاکستان فاروق ستار نے کہا کہ بلدیاتی نمائندوں کے اختیارات کیلئے اب احتجاج کا راستہ اپنائیں گے، مطالبے کے لئے کراچی میں ایک بڑا احتجاجی دھرنا بھی دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات کے لئے فروری سے بھرپور عوامی رابطہ مہم شروع ہوگی اور اس حوالے سے جلسوں کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔ فاروق ستار نے کہا کہ امتحان دینے کی باری اب کسی اور کی ہے۔ جو لوگ ہمیں تقسیم کرنا چاہتے ہیں وہ ناکام ہوں گے۔ فاروق ستار نے یہ بھی کہا کہ قائد ایم کیو ایم کے خلاف یا کسی کارکن کے خلاف مقدمات سیاسی مقاصد کے لئے نہیں ہونے چاہیئے۔ انہوں نے وفاق پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کراچی اور اسلام آباد میں ہمیں حکومتیں نظر نہیں آتیں۔
حکومت کی تمام پالیسیاں صرف پنجاب تک محدود ہیں۔ وفاقی حکومت اور پیپلزپارٹی نے سندھ کو کچھ نہیں دیا۔ آئندہ وزیراعلیٰ سندھ مہاجروں میں سے ہوگا۔