الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات دوہزار اٹھارہ کے لئے وزارت خزانہ کو ابتدائی تخمینہ بھجوا دیا
الیکشن کمیشن کی جانب سے وزارت خزانہ کو بھجوائی گئی تجویز میں بیلٹ پیپرز کے لیے دو ارب روپے مختص کرنے کا کہا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق عام انتخابات میں بیس کروڑ بیلٹ پیپرز چھاپے جائیں گے، گذشتہ عام انتخابات میں اٹھارہ کروڑ تیرہ لاکھ بیلٹ پیپر چھاپے گئے تھے۔ ووٹرز کی تعداد میں کے اضافہ پر آئندہ انتخابات میں ایک کروڑ ستاسی لاکھ اضافی بیلٹ پیپر چھاپے جائیں گے۔ آپریشنل امور کے لیے بھی دو ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے، آپریشنل امور میں بیلٹ پیپرز کی ترسیل، ٹرانسپورٹیشن، انتخابی عملہ کا اعزازیہ شامل ہے۔ الیکشن کمیشن نے وزارت خزانہ کو دیگر امور کے لئے ایک ارب روپے دینے کا کہا ہے، جس میں سیکیورٹی امور، کھانا، سیاہی اور دیگر انتخابی مواد کی خریداری شامل ہیں۔ عام انتخابات دوہزار تیرہ پر چار ارب تہتر کروڑ روپے خرچ آیا تھا۔ الیکشن کمیشن نے آئندہ عام انتخابات کے لئے ستائیس کروڑ روپے اضافی رکھنے کی تجویز دی ہے جبکہ قوم کو ایک بیلٹ پیپر دس روپے کا پڑے گا۔ ذرائع کے مطابق عام انتخابات دوہزار اٹھارہ پر پانچ ارب روپے خرچ آیا تو یہ ملکی تاریخ کے مہنگے ترین انتخابات ہوں گے۔