امریکا سے تعلقات بہتر ہو رہے ہیں: وزیر خارجہ
دوحا: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ زرعی شعبے میں انفراسٹرکچر سے متعلق قطر کو اہم پیشکش کریں گے، امریکا سے تعلقات میں موجود کشیدگی کا خاتمہ اور تعلقات بہتر ہو رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے قطر میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا وژن ’سب سے دوستی‘ کامیاب ہو رہا ہے، سعودی عرب۔ متحدہ عرب امارات کے بعد قطر سے تعلقات میں مثبت پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان قطر کو فوڈ سیکیورٹی پر ضمانت دینے کو تیار ہے۔ پاکستان پھل، سبزیوں اور ڈیری آئٹمز فراہم کرنے کی اہلیت رکھتا ہے۔ حالیہ بحران میں قطر کی خوراک کی ضروریات احسن طریقے سے پوری کی ہیں۔