لسبیلہ ،بیلہ میں مسافر کوچ اور ٹرک حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 27ہوگئی
لسبیلہ :بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کی تحصیل حب کے قریب بیلہ کراس پر مسافر کوچ اور ٹرک کے درمیان تصادم کے بعد آگ لگنے سے جاں بحق افراد کی تعداد 27 ہوگئی جبکہ واقعے میں 15 افراد زخمی بھی ہیں،جاںبحق افراد میں سے 7کی شناخت ہوگئی ہے ،دوسری جانب حکومت بلوچستان نے حادثے میں جاںبحق ہونے والوں کیلئے ایک کروڑ جبکہ زخمیوں کیلئے 50لاکھ روپے امداد کااعلان کردیاہے ۔واضح رہے کہ گزشتہ روز ضلع لسبیلہ کی تحصیل حب کے قریب بیلہ کراس پر مسافر کوچ اور ٹرک کے درمیان تصادم کے بعد آگ لگنے سے جاں بحق افراد کی تعداد 27 ہوگئی جبکہ واقعے میں 15 افراد زخمی بھی ہیں،مسافر کوچ میں لگ بھگ 40 افراد سوار تھے جو کراچی سے پنجگور جارہی تھے کہ بیلہ کراس کے مقام پر اس کا ٹرک سے تصادم ہوگیا، ٹرک میں ایرانی ڈیزل ہونے کی وجہ سے آگ بھڑک اٹھی۔آگ اتنی شدید تھی کہ دیکھتے ہی دیکھتے سب کچھ جل کر خاکستر ہوگیا اور واقعے میں 26 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ ایک زخمی بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ابتدائی طور پر ایس ایس پی لسبیلہ آغا رمضان علی نے حادثے میں 26 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی تھی۔ایس ایس پی لسبیلہ کے مطابق سانحہ بیلہ میں جاں بحق 7 افراد کی شناخت ہوگئی، جنہیں ان افراد کے ورثا نے شناخت کیا۔انہوں نے بتایا کہ حادے میں شناخت ہونے والے افراد کی لاشیں ان کے ورثا کے حوالے کردی گئیں۔اس سے قبل حادثے میں زخمیوں کو مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جن میں سے 5 کی حالت تشویشناک بتائی گئی تھی۔حادثے کے شدید زخمیوں کو علاج کے لیے کراچی منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، تاہم ایمبولینس نہ ہونے کی وجہ سے انہیں کراچی منتقل کرنے میں تاخیر ہوئی تھی۔ریسکیو اہلکاروں نے بس میں موجود مزید افراد کو نکالنے کے لیے کوششیں کی تھی جبکہ ان کی طرف سے کوچ اور ٹرک میں لگی آگ بجھانے کی کوشش کی گئی تھی۔واقعے سے متعلق ڈپٹی کمشنر لسبیلہ شبیر مینگل نے کہا تھا کہ بس اندر سے انتہائی گرم ہے اور اس لیے لاشیں نکالنے میں جلد بازی نہیں کی جاسکتی۔دوسری جانب ڈپٹی کمشنر لسبیلہ شبیر مینگل کا کہنا ہے کہ مسافر بس میں آگ لگنے کے باعث جھلس کر جاں بحق افراد کی تعداد 27 ہوگئی، جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔شبیر مینگل نے کہا کہ بس سے نکلنے کے دوران 6 افراد زخمی بھی ہوئے جن میں سے 4 شدید زخمیوں کو بیلہ اسپتال سے کراچی روانہ کر دیا گیا۔بعد ازاں سانحہ بیلہ میں جاں بحق افراد کی لاشیں بیلہ سے ایدھی سرد خانہ سہراب گوٹھ کراچی منتقل کردی گئی تھیں۔دوسری جانب حکومت بلوچستان نے بیلہ کراس کے قریب ہونے والے حادثے میں جاںبحق افراد کیلئے ایک کروڑ جبکہ زخمیوں کیلئے 50لاکھ روپے امدادکااعلان کردیاہے ،میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر میر اسد اللہ بلوچ کاکہناتھاکہ حکومت کی جانب سے حادثے میں شہید ہونے والوں کیلئے ایک کروڑ جبکہ زخمی ہونے والوں کو50لاکھ روپے دئیے جائیںگے ۔