وزیراعظم کی عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں، سرمایہ کاری اور باہمی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال
عالمی اقتصادی فورم اجلاس کی سائیڈ لائن پر وزیراعظم عمران خان کی عالمی اداروں کے سربراہان سے ملاقاتیں جاری ہیں۔ انہوں نے باہمی تعاون بڑھانے اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعظم عمران خان نے جن عالمی اداروں کے سربراہان سے ملاقاتیں کیں ان میں آئی ایم ایف کی صدر کرسٹالینا جارجیوا اور ایشیائی ترقیاتی بینک بھی شامل ہیں۔ ان ملاقاتوں میں باہمی تعاون مزید بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان اور آئی ایم ایف کی صدر کرسٹا لینا جارجیوا کی ملاقات میں مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ، معاون خصوصی زلفی بخاری اور سفیر سرمایہ کاری علی جہانگیر صدیقی بھی موجود تھے۔ اس اہم ملاقات میں معیشت اور اقتصادی ترقی کے امور پر بھی بات چیت کی گئی۔
اس کے علاوہ وزیراعظم سے سیمنز کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جو کائسر نے بھی ملاقات کی جس میں ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری اور افرادی قوت کی تربیت سے متعلق تعاون پر بات چیت کی گئی۔
وزیراعظم سے یوٹیوب کی چیف ایگزیکٹو آفیسر کی بھی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے پاکستان کے تشخص، سیاحت، سرمایہ کاری اور تعلیم کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ان ملاقاتوں میں مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ ، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، معاون خصوصی زلفی بخاری، ڈیجیٹل میڈیا کی سربراہ تانیہ ایدروس اور سرمایہ کاری کے سفیر علی جہانگیر صدیقی بھی موجود تھے