صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشدنے ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرہسپتال شیخوپورہ ڈاکٹر اظہر امین کو معطل کر دیا
وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشدنے ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرہسپتال شیخوپورہ ڈاکٹر اظہر امین کو معطل کر دیاہے۔ وزیرصحت کی ہدایت پرڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز پنجاب ڈاکٹرہارون جہانگیرکے اچانک دورہ کے موقع پر ایم ایس و دیگر عملہ ڈیوٹی سے غائب تھا۔ڈی جی ہیلتھ سروسزڈاکٹر ہارون جہانگیر نے ڈی ایچ کیوہسپتال شیخوپورہ کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کرکے طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسزکے ہمراہ ڈاکٹر سہیل رانا، ڈاکٹر محمد یونس، ڈاکٹر راؤ عالمگیر، ڈاکٹر عثمان غنی اور روڈمیپ ٹیم کے دیگر اراکین بھی موجود تھے۔دریں اثناء وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشدنے ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال وہاڑی ڈاکٹرمحمد فاضل کو کارکردگی بہتر کرنے کی آخری وارننگ جبکہ اے ایم ایس ڈاکٹر عبدالقیوم خان اور ڈی ایم ایس ڈاکٹر خالد صفدر کو فوری طور پر تبدیل کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔صوبائی وزیر صحت کی ہدایت پر ایڈیشنل سیکرٹری صحت جنوبی پنجاب ڈاکٹر شاہد لطیف نے ڈی ایچ کیو وہاڑی میں طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔