اپوزیشن قانون ہاتھ میں لے گی تو ہم انہیں ہاتھ میں لیں گے: وزیر داخلہ شیخ رشید
اسلام آباد: وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اپوزیشن قانون ہاتھ میں لے گی تو ہم انہیں ہاتھ میں لیں گے۔وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہزاروں جانوں کی قربانی دی گئی۔ جوہر ٹاؤن کے بعد انارکلی میں دہشتگردی کا واقعہ ہوا جس کے بعد وزارت داخلہ نے تمام اداروں کو الرٹ جاری کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی حکومت حزب اختلاف کی جڑوں میں بیٹھ گئی ہے۔ 23 مارچ کو اسلامی ممالک کی تنظیم (او آئی سی) کا اجلاس ہو گا تو حزب اختلاف 4 دن پہلے یا بعد میں احتجاج کر لے۔ او آئی سی کے لیڈرز پاکستان آئیں گے جس کی وجہ سے 21 اور 22 مارچ سے کچھ سڑکیں بند ہوں گی۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزارت داخلہ نے تمام فورسز کو الرٹ رہنے کی وارننگ دی ہے اور فورسز کو کہا ہے کہ جاگتے رہنا۔ کالعدم ٹی ٹی پی کی شرائط ایسی تھیں جو قبول نہیں کی جا سکتیں اور ٹی ٹی پی نے خود سیز فائر ختم کیا۔