انتخابات میں مقابلہ اپوزیشن سے نہیں بلکہ مہنگائی سے ہے: وفاقی وزیر حماد اظہر
وفاقی وزیر حماد اظہر نے ملک میں مہنگائی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ آنے والے انتخابات میں ہمارا مقابلہ اپوزیشن سے نہیں ہے بلکہ ہمارا مقابلہ ملک میں موجود مہنگائی سے ہے، ہمارا مقابلہ اس اپوزیشن سے نہیں جس کا کرپٹ چہرہ عوام کے سامنے بے نقاب ہوچکا ہے۔اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے وفاقی وزیر حماد اظہر کا کہنا تھا کہ پاناما کیس میں وہ بے نقاب ہوئی، اپوزیشن رہنماوں کے چپراسیوں اور بے نامی پاپڑ والے، فالودے والے کے اکاونٹس سے 4،4 ارب روپے نکل رہے ہیں، ہمارے دور میں ہونے والی تحقیقات نے ماضی کے حکمران دونوں خاندانوں کی کرپشن بے نقاب کی ، اس سے زیادہ عوام کو ان کی کرپشن کے اور کیا ثبوت چاہئیں۔لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے مزید کہا کہ کوئی ایسا عالمی مالیات اسکینڈل نہیں جس میں اپوزیشن رہنماوں کا نام نہ ہو، یہ کس کے پیسے ہیں، یہ عوام کے لوٹے گئے پیسے ہیں اور عوام یہ تمام باتیں اچھی طرح جانتے ہیں۔