صدر آصف زرداری کی صاحبزادی اورپولیو کے خاتمے کی مہم کی سفیر آصفہ بھٹو زرداری نے پاکستان میں پولیو مہم کے دوران پیدا ہونے والی رکاوٹ کو سیاسی محرکات کا نتیجہ قرار دیا ہے۔
پاکستان میں پولیو کے خلاف مہم کی سفیر آصفہ بھٹو زرداری نے برطانوی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ چند گروہ پاکستانی بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلانے کے خلاف ہیں اوراس تحریک کے محرکات سیاسی ہیں۔آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ پولیو مہم کے کارکنوں کی جانیں خطرے میں نہیں ڈالنا چاہتی۔واضح رہے گزشتہ ہفتے پاکستان میں تین روزہ پولیو مہم قبائلی علاقوں میں بعض شدت پسند تنظیموں کی مخالفت کی وجہ سے شروع نہیں ہو سکی تھی، جس کے نتیجے میں حکام کے مطابق دو لاکھ سے زیادہ بچے پولیو کے خطرے سے دوچار ہوگئے ہیں۔ جنوبی وزیرستان میں مقامی طالبان نے ڈرون حملے جاری رہنے تک پولیو کے خلاف مہم پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔