محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مون سون بارشوں کا دوسرا مرحلہ اگست میں شروع ہونے کا امکان ہے۔ جولائی کے آخر تک موسم گرم اور خشک رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر جنرل عارف محمود نے وقت نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ مون سون بارشوں میں فی الحال وقفہ آیا ہے جو اگست کے شروع تک جاری رہنے کی توقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقفے کے باعث جولائی کے آخر تک بارشوں کاامکان کم ہے، دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق چوبیس گھنٹوں کے دوران بھی ملک کے بیشترعلاقوں میں گرم اور خشک موسم کا سلسلہ جاری رہے گا جبکہ ہزارہ ڈویژن، کشمیراور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔