اوول ٹیسٹ کے چوتھے روز جنوبی افریقہ نے اپنی پہلی اننگز چھ سو سینتیس رنز پرڈکلیئر کر دی۔ ہاشم آملہ ٹرپل سنچری بنانے والے جنوبی افریقہ کے پہلے بلےباز بن گئے ۔
کھیل کے چوتھے روز کی خاص بات ہاشم آملہ کی ٹرپل سنچری اور جیک کیلس کی سنچری تھی۔ ان دونوں بلے بازوں کے درمیان تیسری وکٹ کے لیے تین سو ستتر رنز کی ریکارڈ شراکت بنی۔ چوتھےروزجنوبی افریقہ نے دو وکٹوں کے نقصان پر چار سو تین رنز سے اننگز شروع کی تو ہاشم آملہ نے ڈبل سنچری باآسانی پوری کرلی جس کے بعد عمدہ بلے بازی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اپنے کیریئر کے ساتھ ساتھ جنوبی افریقہ کی بھی پہلی ٹرپل سنچری سکور کی۔ جیک کیلس نے کیریئر کی تینتالیسویں سنچری مکمل کی اور ایک سو بیاسی رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ جنوبی افریقہ نےانگلش باؤلرز کا بھرکس نکالنے کے بعد دو وکٹوں پر چھ سو سینتیس رنز بناکراپنی اننگز ڈکلیئرکردی جس کے بعد دوسو باون رنز کے خسارے کے ساتھ انگلینڈ کی بیٹنگ جاری ہے۔ اس سے پہلے انگلینڈ کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں تین سو پچاسی رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔