ضلع غربی کی سب سے بڑی نشست این اے 250 کے علاقے پانی سے محروم
حب ڈیم خشک ہو جانے کے باعث ضلع غربی میں پانی کا شدید بحران ہے،ضلع غربی میں قومی اسمبلی کی 5اور صوبائی اسمبلی کی 11 نشستیں ہیں اور ان تمام علاقوں میں بالخصوص این اے 250 میں پانی کی شدید قلت واقع ہے، آبادی کے حوالے سے ضلع غربی کی سب بڑی قومی اسمبلی کی نشست این اے 250 ہے جس کی آبادی 821,992 ہے۔ آئندہ انتخابات میں ضلع غربی میں پانی کا فیکٹر انتخابی نتائج پر اہم کردار ادا کرے گا،این اے 250 میں انتخابی مہم کے دوران ووٹرز تمام امیدواروں بالخصوص سابقہ حکمراں جماعت پیپلز پارٹی کے امیدوار سے پانی کی عدم فراہمی پر سخت باز پرس کر رہے ہیں اور مطالبہ کررہے ہیں کہ امیدوار پانی کی فراہمی کیلیے بھرپور آواز اٹھائیں ، عوام تمام امیدواروں سے عہد لے رہے ہیں کہ جو امیدوار منتخب ہو وہ ترجیحی بنیادوں پر پانی کی قلت کا مسئلہ حل کرائے۔اس حلقے میں ایم کیو ایم پاکستان کے فیاض قائم خانی، پی ایس پی کے حفیظ الدین ، تحریک انصاف کے عطاء اللہ خان، پیپلز پارٹی کے علی احمد، عوامی نیشنل پارٹی کے شاہی سید، ایم ایم اے کے محمد نعیم، تحریک لبیک کے کاشف علی شاہ اور دیگر امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں، موجودہ این اے 250میں سابقہ قومی اسمبلی این اے 241اور این اے 242شامل ہورہی ہیں، صوبائی اسمبلی پی ایس93اور پی ایس 94شامل ہورہا ہے2013ء کے انتخابات میں ایم کیو ایم کے سید اخترقادری، این اے 242سے محبوب عالم کامیاب ہوئے، بعدازاں محبوب عالم نے پی ایس پی جوائن کرلی۔